اڈپی 17؍اکتوبر (ایس او نیوز)اسکوٹر سوار بزرگ شہری اور ایوارڈ یافتہ ٹیچر بس کی ٹکر سے زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کے ایم سی اسپتال منی پال میں فوت ہوجانے کی خبر ملی ہے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے ٹیچر کا نام پیٹر رفائیل آرانھا (64سال) بتایا جاتا ہے۔ کہتے ہیں کہ اپنی سماجی خدمات کے لئے علاقے میں معروف رفائیل جب اپنی اسکوٹر پر سوار ہوکر کہیں جارہا تھاتو سڑک پر موڑ لیتے وقت ایک پرائیویٹ بس نے اس کے اسکوٹر کو ٹکر ماردی جس سے رفائیل کے سر میں شدید چوٹ آئی۔ عرف عام میں رفائیل ماسٹر کے نام جانے والے زخمی پیٹرکو فوری طور پر منی پال اسپتال میں منتقل کیا گیا مگر علاج کارگر نہ ہونے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ 1998میں رفائیل کو ڈسٹرکٹ لیول پر بہترین ٹیچر ہونے کا ایوارڈ تفویض کیا گیا تھا۔پھر 2001ریاستی سطح پربہترین ٹیچر ایوارڈ کے بعد اور 2002میں صدر ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے ہاتھوں نیشنل لیول پر رفائیل کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔